یرمیاہ 33

یروشلم میں دوبارہ خوشی ہو گی

1یرمیاہ اب تک شاہی محافظوں کے صحن میں گرفتار تھا کہ رب ایک بار پھر اُس سے ہم کلام ہوا، 2”جو سب کچھ خلق کرتا، تشکیل دیتا اور قائم رکھتا ہے اُس کا نام رب ہے۔ یہی رب فرماتا ہے، 3مجھے پکار تو مَیں تجھے جواب میں ایسی عظیم اور ناقابلِ فہم باتیں بیان کروں گا جو تُو نہیں جانتا۔

4کیونکہ رب جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے کہ تم نے اِس شہر کے مکانوں بلکہ چند ایک شاہی مکانوں کو بھی ڈھا دیا ہے تاکہ اُن کے پتھروں اور لکڑی سے فصیل کو مضبوط کرو اور شہر کو دشمن کے پُشتوں اور تلوار سے بچائے رکھو۔ 5گو تم بابل کی فوج سے لڑنا چاہتے ہو، لیکن شہر کے گھر اسرائیلیوں کی لاشوں سے بھر جائیں گے۔ کیونکہ اُن ہی پر مَیں اپنا غضب نازل کروں گا۔ یروشلم کی تمام بےدینی کے باعث مَیں نے اپنا منہ اُس سے چھپا لیا ہے۔

6لیکن بعد میں مَیں اُسے شفا دے کر تندرستی بخشوں گا، مَیں اُس کے باشندوں کو صحت عطا کروں گا اور اُن پر دیرپا سلامتی اور وفاداری کا اظہار کروں گا۔ 7کیونکہ مَیں یہوداہ اور اسرائیل کو بحال کر کے اُنہیں ویسے تعمیر کروں گا جیسے پہلے تھے۔ 8مَیں اُنہیں اُن کی تمام بےدینی سے پاک صاف کر کے اُن کی تمام سرکشی اور تمام گناہوں کو معاف کر دوں گا۔ 9تب یروشلم پوری دنیا میں میرے لئے مسرت، شہرت، تعریف اور جلال کا باعث بنے گا۔ دنیا کے تمام ممالک میری اُس پر مہربانی دیکھ کر متاثر ہو جائیں گے۔ وہ گھبرا کر کانپ اُٹھیں گے جب اُنہیں پتا چلے گا کہ مَیں نے یروشلم کو کتنی برکت اور سکون مہیا کیا ہے۔

10تم کہتے ہو، ’ہمارا شہر ویران و سنسان ہے۔ اُس میں نہ انسان، نہ حیوان رہتے ہیں۔‘ لیکن رب فرماتا ہے کہ یروشلم اور یہوداہ کے دیگر شہروں کی جو گلیاں اِس وقت ویران اور انسان و حیوان سے خالی ہیں، 11اُن میں دوبارہ خوشی و شادمانی، دُولھے دُلھن کی آواز اور رب کے گھر میں شکرگزاری کی قربانیاں پہنچانے والوں کے گیت سنائی دیں گے۔ اُس وقت وہ گائیں گے، ’رب الافواج کا شکر کرو، کیونکہ رب بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔‘ کیونکہ مَیں اِس ملک کو پہلے کی طرح بحال کر دوں گا۔ یہ رب کا فرمان ہے۔

12رب الافواج فرماتا ہے کہ فی الحال یہ مقام ویران اور انسان و حیوان سے خالی ہے۔ لیکن آئندہ یہاں اور باقی تمام شہروں میں دوبارہ ایسی چراگاہیں ہوں گی جہاں گلہ بان اپنے ریوڑوں کو چَرائیں گے۔ 13تب پورے ملک میں چرواہے اپنے ریوڑوں کو گنتے اور سنبھالتے ہوئے نظر آئیں گے، خواہ پہاڑی علاقے کے شہروں یا مغرب کے نشیبی پہاڑی علاقے میں دیکھو، خواہ دشتِ نجب یا بن یمین کے قبائلی علاقے میں معلوم کرو، خواہ یروشلم کے دیہات یا یہوداہ کے باقی شہروں میں دریافت کرو۔ یہ رب کا فرمان ہے۔

ابدی عہد کا وعدہ

14رب فرماتا ہے کہ ایسا وقت آنے والا ہے جب مَیں وہ اچھا وعدہ پورا کروں گا جو مَیں نے اسرائیل کے گھرانے اور یہوداہ کے گھرانے سے کیا ہے۔ 15اُس وقت مَیں داؤد کی نسل سے ایک راست باز کونپل پھوٹنے دوں گا، اور وہی ملک میں انصاف اور راستی قائم کرے گا۔ 16اُن دنوں میں یہوداہ کو چھٹکارا ملے گا اور یروشلم پُرامن زندگی گزارے گا۔ تب یروشلم ’رب ہماری راستی‘ کہلائے گا۔ 17کیونکہ رب فرماتا ہے کہ اسرائیل کے تخت پر بیٹھنے والا ہمیشہ ہی داؤد کی نسل کا ہو گا۔ 18اِسی طرح رب کے گھر میں خدمت گزار امام ہمیشہ ہی لاوی کے قبیلے کے ہوں گے۔ وہی متواتر میرے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں اور غلہ اور ذبح کی قربانیاں پیش کریں گے۔“

19رب ایک بار پھر یرمیاہ سے ہم کلام ہوا، 20”رب فرماتا ہے کہ مَیں نے دن اور رات سے عہد باندھا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اور ترتیب وار گزریں۔ کوئی اِس عہد کو توڑ نہیں سکتا۔ 21اِسی طرح مَیں نے اپنے خادم داؤد سے بھی عہد باندھ کر وعدہ کیا کہ اسرائیل کا بادشاہ ہمیشہ اُسی کی نسل کا ہو گا۔ نیز، مَیں نے لاوی کے اماموں سے بھی عہد باندھ کر وعدہ کیا کہ رب کے گھر میں خدمت گزار امام ہمیشہ لاوی کے قبیلے کے ہی ہوں گے۔ رات اور دن سے بندھے ہوئے عہد کی طرح اِن عہدوں کو بھی توڑا نہیں جا سکتا۔ 22مَیں اپنے خادم داؤد کی اولاد اور اپنے خدمت گزار لاویوں کو ستاروں اور سمندر کی ریت جیسا بےشمار بنا دوں گا۔“

23رب یرمیاہ سے ایک بار پھر ہم کلام ہوا، 24”کیا تجھے لوگوں کی باتیں معلوم نہیں ہوئیں؟ یہ کہہ رہے ہیں، ’گو رب نے اسرائیل اور یہوداہ کو چن کر اپنی قوم بنا لیا تھا، لیکن اب اُس نے دونوں کو رد کر دیا ہے۔‘ یوں وہ میری قوم کو حقیر جانتے ہیں بلکہ اِسے اب سے قوم ہی نہیں سمجھتے۔“ 25لیکن رب فرماتا ہے، ”جو عہد مَیں نے دن اور رات سے باندھا ہے وہ مَیں نہیں توڑوں گا، نہ کبھی آسمان و زمین کے مقررہ اصول منسوخ کروں گا۔ 26اِسی طرح یہ ممکن ہی نہیں کہ مَیں یعقوب اور اپنے خادم داؤد کی اولاد کو کبھی رد کروں۔ نہیں، مَیں ہمیشہ ہی داؤد کی نسل میں سے کسی کو تخت پر بٹھاؤں گا تاکہ وہ ابراہیم، اسحاق اور یعقوب کی اولاد پر حکومت کرے، کیونکہ مَیں اُنہیں بحال کر کے اُن پر ترس کھاؤں گا۔“