یسعیاہ 9

آنے والے مسیح کی روشنی

1لیکن مصیبت زدہ تاریکی میں نہیں رہیں گے۔ گو پہلے زبولون کا علاقہ اور نفتالی کا علاقہ پست ہوا ہے، لیکن آئندہ جھیل کے ساتھ کا راستہ، دریائے یردن کے پار، غیریہودیوں کا گلیل سرفراز ہو گا۔

2اندھیرے میں چلنے والی قوم نے ایک تیز روشنی دیکھی، موت کے سائے میں ڈوبے ہوئے ملک کے باشندوں پر روشنی چمکی۔ 3تُو نے قوم کو بڑھا کر اُسے بڑی خوشی دلائی ہے۔ تیرے حضور وہ یوں خوشی مناتے ہیں جس طرح فصل کاٹتے اور لُوٹ کا مال بانٹتے وقت منائی جاتی ہے۔ 4تُو نے اپنی قوم کو اُس دن کی طرح چھٹکارا دیا جب تُو نے مِدیان کو شکست دی تھی۔ اُسے دبانے والا جوا ٹوٹ گیا، اور اُس پر ظلم کرنے والے کی لاٹھی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی ہے۔ 5زمین پر زور سے مارے گئے فوجی جوتے اور خون میں لت پت فوجی وردیاں سب حوالۂ آتش ہو کر بھسم ہو جائیں گی۔

6کیونکہ ہمارے ہاں بچہ پیدا ہوا، ہمیں بیٹا بخشا گیا ہے۔ اُس کے کندھوں پر حکومت کا اختیار ٹھہرا رہے گا۔ وہ انوکھا مشیر، قوی خدا، ابدی باپ اور صلح سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔ 7اُس کی حکومت زور پکڑتی جائے گی، اور امن و امان کی انتہا نہیں ہو گی۔ وہ داؤد کے تخت پر بیٹھ کر اُس کی سلطنت پر حکومت کرے گا، وہ اُسے عدل و انصاف سے مضبوط کر کے اب سے ابد تک قائم رکھے گا۔ رب الافواج کی غیرت ہی اِسے انجام دے گی۔

رب کا غضب نازل ہو گا

8رب نے یعقوب کے خلاف پیغام بھیجا، اور وہ اسرائیل پر نازل ہو گیا ہے۔ 9اسرائیل اور سامریہ کے تمام باشندے اِسے جلد ہی جان جائیں گے، حالانکہ وہ اِس وقت بڑی شیخی مار کر کہتے ہیں، 10”بےشک ہماری اینٹوں کی دیواریں گر گئی ہیں، لیکن ہم اُنہیں تراشے ہوئے پتھروں سے دوبارہ تعمیر کر لیں گے۔ بےشک ہمارے انجیرتوت کے درخت کٹ گئے ہیں، لیکن کوئی بات نہیں، ہم اُن کی جگہ دیودار کے درخت لگا لیں گے۔“ 11لیکن رب اسرائیل کے دشمن رضین کو تقویت دے کر اُس کے خلاف بھیجے گا بلکہ اسرائیل کے تمام دشمنوں کو اُس پر حملہ کرنے کے لئے اُبھارے گا۔ 12شام کے فوجی مشرق سے اور فلستی مغرب سے منہ پھاڑ کر اسرائیل کو ہڑپ کر لیں گے۔ تاہم رب کا غضب ٹھنڈا نہیں ہو گا بلکہ اُس کا ہاتھ مارنے کے لئے اُٹھا ہی رہے گا۔

13کیونکہ اِس کے باوجود بھی لوگ سزا دینے والے کے پاس واپس نہیں آئیں گے اور رب الافواج کے طالب نہیں ہوں گے۔ 14نتیجے میں رب ایک ہی دن میں اسرائیل کا نہ صرف سر بلکہ اُس کی دُم بھی کاٹے گا، نہ صرف کھجور کی شاندار شاخ بلکہ معمولی سا سرکنڈا بھی توڑے گا۔ 15بزرگ اور اثر و رسوخ والے اسرائیل کا سر ہیں جبکہ جھوٹی تعلیم دینے والے نبی اُس کی دُم ہیں۔ 16کیونکہ قوم کے راہنما لوگوں کو غلط راہ پر لے گئے ہیں، اور جن کی راہنمائی وہ کر رہے ہیں اُن کے دماغ میں فتور آ گیا ہے۔ 17اِس لئے رب نہ قوم کے جوانوں سے خوش ہو گا، نہ یتیموں اور بیواؤں پر رحم کرے گا۔ کیونکہ سب کے سب بےدین اور شریر ہیں، ہر منہ کفر بکتا ہے۔ تاہم رب کا غضب ٹھنڈا نہیں ہو گا بلکہ اُس کا ہاتھ مارنے کے لئے اُٹھا ہی رہے گا۔

18کیونکہ اُن کی بےدینی کی بھڑکتی ہوئی آگ کانٹےدار جھاڑیاں اور اونٹ کٹارے بھسم کر دیتی ہے، بلکہ گنجان جنگل بھی اُس کی زد میں آ کر دھوئیں کے کالے بادل چھوڑتا ہے۔ 19رب الافواج کے غضب سے ملک جُھلس جائے گا اور اُس کے باشندے آگ کا لقمہ بن جائیں گے۔ یہاں تک کہ کوئی بھی اپنے بھائی پر ترس نہیں کھائے گا۔ 20اور گو ہر ایک دائیں طرف مُڑ کر سب کچھ ہڑپ کر جائے توبھی بھوکا رہے گا، گو بائیں طرف رُخ کر کے سب کچھ نگل جائے توبھی سیر نہیں ہو گا۔ ہر ایک اپنے پڑوسی کو کھائے گا، 21منسّی افرائیم کو اور افرائیم منسّی کو۔ اور دونوں مل کر یہوداہ پر حملہ کریں گے۔ تاہم رب کا غضب ٹھنڈا نہیں ہو گا بلکہ اُس کا ہاتھ مارنے کے لئے اُٹھا ہی رہے گا۔