حزقی ایل 8

رب کے گھر میں بُت پرستی کی رویا

1جلاوطنی کے چھٹے سال کے چھٹے مہینے کے پانچویں دن [a] 17 ستمبر۔ مَیں اپنے گھر میں بیٹھا تھا۔ یہوداہ کے بزرگ پاس ہی بیٹھے تھے۔ تب رب قادرِ مطلق کا ہاتھ مجھ پر آ ٹھہرا۔ 2رویا میں مَیں نے کسی کو دیکھا جس کی شکل و صورت انسان کی مانند تھی۔ لیکن کمر سے لے کر پاؤں تک وہ آگ کی مانند بھڑک رہا تھا جبکہ کمر سے لے کر سر تک چمک دار دھات کی طرح تمتما رہا تھا۔ 3اُس نے کچھ آگے بڑھا دیا جو ہاتھ سا لگ رہا تھا اور میرے بالوں کو پکڑ لیا۔ پھر روح نے مجھے اُٹھایا اور زمین اور آسمان کے درمیان چلتے چلتے یروشلم تک پہنچایا۔ ابھی تک مَیں اللہ کی رویا دیکھ رہا تھا۔ مَیں رب کے گھر کے اندرونی صحن کے اُس دروازے کے پاس پہنچ گیا جس کا رُخ شمال کی طرف ہے۔ دروازے کے قریب ایک بُت پڑا تھا جو رب کو مشتعل کر کے غیرت دلاتا ہے۔

4وہاں اسرائیل کے خدا کا جلال مجھ پر اُسی طرح ظاہر ہوا جس طرح پہلے میدان کی رویا میں مجھ پر ظاہر ہوا تھا۔ 5وہ مجھ سے ہم کلام ہوا، ”اے آدم زاد، شمال کی طرف نظر اُٹھا۔“ مَیں نے اپنی نظر شمال کی طرف اُٹھائی تو دروازے کے باہر قربان گاہ دیکھی۔ ساتھ ساتھ دروازے کے قریب ہی وہ بُت کھڑا تھا جو رب کو غیرت دلاتا ہے۔ 6پھر رب بولا، ”اے آدم زاد، کیا تجھے وہ کچھ نظر آتا ہے جو اسرائیلی قوم یہاں کرتی ہے؟ یہ لوگ یہاں بڑی مکروہ حرکتیں کر رہے ہیں تاکہ مَیں اپنے مقدِس سے دُور ہو جاؤں۔ لیکن تُو اِن سے بھی زیادہ مکروہ چیزیں دیکھے گا۔“

7وہ مجھے رب کے گھر کے بیرونی صحن کے دروازے کے پاس لے گیا تو مَیں نے دیوار میں سوراخ دیکھا۔ 8اللہ نے فرمایا، ”آدم زاد، اِس سوراخ کو بڑا بنا۔“ مَیں نے ایسا کیا تو دیوار کے پیچھے دروازہ نظر آیا۔ 9تب اُس نے فرمایا، ”اندر جا کر وہ شریر اور گھنونی حرکتیں دیکھ جو لوگ یہاں کر رہے ہیں۔“

10مَیں دروازے میں داخل ہوا تو کیا دیکھتا ہوں کہ دیواروں پر چاروں طرف بُت پرستی کی تصویریں کندہ ہوئی ہیں۔ ہر قسم کے رینگنے والے اور دیگر مکروہ جانور بلکہ اسرائیلی قوم کے تمام بُت اُن پر نظر آئے۔ 11اسرائیلی قوم کے 70 بزرگ بخوردان پکڑے اُن کے سامنے کھڑے تھے۔ بخوردانوں میں سے بخور کا خوشبودار دھواں اُٹھ رہا تھا۔ یازنیاہ بن سافن بھی بزرگوں میں شامل تھا۔

12رب مجھ سے ہم کلام ہوا، ”اے آدم زاد، کیا تُو نے دیکھا کہ اسرائیلی قوم کے بزرگ اندھیرے میں کیا کچھ کر رہے ہیں؟ ہر ایک نے اپنے گھر میں اپنے بُتوں کے لئے کمرا مخصوص کر رکھا ہے۔ کیونکہ وہ سمجھتے ہیں، ’ہم رب کو نظر نہیں آتے، اُس نے ہمارے ملک کو ترک کر دیا ہے۔‘ 13لیکن آ، مَیں تجھے اِس سے بھی زیادہ قابلِ گھن حرکتیں دکھاتا ہوں۔“

14وہ مجھے رب کے گھر کے اندرونی صحن کے شمالی دروازے کے پاس لے گیا۔ وہاں عورتیں بیٹھی تھیں جو رو رو کر تموز دیوتا [b] تموز مسوپتامیہ کا ایک دیوتا تھا جس کے پیروکار سمجھتے تھے کہ وہ موسمِ گرما کے اختتام پر ہریالی کے ساتھ ساتھ مر جاتا اور موسمِ بہار میں دوبارہ جی اُٹھتا ہے۔ کا ماتم کر رہی تھیں۔ 15رب نے سوال کیا، ”آدم زاد، کیا تجھے یہ نظر آتا ہے؟ لیکن آ، مَیں تجھے اِس سے بھی زیادہ قابلِ گھن حرکتیں دکھاتا ہوں۔“

16وہ مجھے رب کے گھر کے اندرونی صحن میں لے گیا۔ رب کے گھر کے دروازے پر یعنی سامنے والے برآمدے اور قربان گاہ کے درمیان ہی 25 آدمی کھڑے تھے۔ اُن کا رُخ رب کے گھر کی طرف نہیں بلکہ مشرق کی طرف تھا، اور وہ سورج کو سجدہ کر رہے تھے۔

17رب نے فرمایا، ”اے آدم زاد، کیا تجھے یہ نظر آتا ہے؟ اور یہ مکروہ حرکتیں بھی یہوداہ کے باشندوں کے لئے کافی نہیں ہیں بلکہ وہ پورے ملک کو ظلم و تشدد سے بھر کر مجھے مشتعل کرنے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ دیکھ، اب وہ اپنی ناکوں کے سامنے انگور کی بیل لہرا کر بُت پرستی کی ایک اَور رسم ادا کر رہے ہیں! 18چنانچہ مَیں اپنا غضب اُن پر نازل کروں گا۔ نہ مَیں اُن پر ترس کھاؤں گا، نہ رحم کروں گا۔ خواہ وہ مدد کے لئے کتنے زور سے کیوں نہ چیخیں مَیں اُن کی نہیں سنوں گا۔“

[a] 17 ستمبر۔
[b] تموز مسوپتامیہ کا ایک دیوتا تھا جس کے پیروکار سمجھتے تھے کہ وہ موسمِ گرما کے اختتام پر ہریالی کے ساتھ ساتھ مر جاتا اور موسمِ بہار میں دوبارہ جی اُٹھتا ہے۔