2۔تواریخ 27
یہوداہ کا بادشاہ یوتام
1یوتام 25 سال کی عمر میں بادشاہ بنا اور یروشلم میں رہ کر 16 سال تک حکومت کرتا رہا۔ اُس کی ماں یروسہ بنت صدوق تھی۔ 2یوتام نے وہ کچھ کیا جو رب کو پسند تھا۔ وہ اپنے باپ عُزیّاہ کے نمونے پر چلتا رہا، اگرچہ اُس نے کبھی بھی باپ کی طرح رب کے گھر میں گھس جانے کی کوشش نہ کی۔ لیکن عام لوگ اپنی غلط راہوں سے نہ ہٹے۔
3یوتام نے رب کے گھر کا بالائی دروازہ تعمیر کیا۔ عوفل پہاڑی جس پر رب کا گھر تھا اُس کی دیوار کو اُس نے بہت جگہوں پر مضبوط بنا دیا۔ 4یہوداہ کے پہاڑی علاقے میں اُس نے شہر تعمیر کئے اور جنگلی علاقوں میں قلعے اور بُرج بنائے۔ 5جب عمونی بادشاہ کے ساتھ جنگ چھڑ گئی تو اُس نے عمونیوں کو شکست دی۔ تین سال تک اُنہیں اُسے سالانہ خراج کے طور پر تقریباً 3,400 کلو گرام چاندی، 16,00,000 کلو گرام گندم اور 13,50,000 کلو گرام جَو ادا کرنا پڑا۔ 6یوں یوتام کی طاقت بڑھتی گئی۔ اور وجہ یہ تھی کہ وہ ثابت قدمی سے رب اپنے خدا کے حضور چلتا رہا۔
7باقی جو کچھ یوتام کی حکومت کے دوران ہوا وہ ’شاہانِ اسرائیل و یہوداہ‘ کی کتاب میں قلم بند ہے۔ اُس میں اُس کی تمام جنگوں اور باقی کاموں کا ذکر ہے۔ 8وہ 25 سال کی عمر میں بادشاہ بنا اور یروشلم میں رہ کر 16 سال حکومت کرتا رہا۔ 9جب وہ مر کر اپنے باپ دادا سے جا ملا تو اُسے یروشلم کے اُس حصے میں جو ’داؤد کا شہر‘ کہلاتا ہے دفنایا گیا۔ پھر اُس کا بیٹا آخز تخت نشین ہوا۔