1۔تواریخ 27

فوج کے گروہ

1درجِ ذیل اُن خاندانی سرپرستوں، ہزار ہزار اور سَو سَو فوجیوں پر مقرر افسروں اور سرکاری افسروں کی فہرست ہے جو بادشاہ کے ملازم تھے۔

فوج 12 گروہوں پر مشتمل تھی، اور ہر گروہ کے 24,000 افراد تھے۔ ہر گروہ کی ڈیوٹی سال میں ایک ماہ کے لئے لگتی تھی۔ 2جو افسر اِن گروہوں پر مقرر تھے وہ یہ تھے:

پہلا ماہ: یسوبعام بن زبدی ایل۔ 3وہ فارص کے خاندان کا تھا اور اُس گروہ پر مقرر تھا جس کی ڈیوٹی پہلے مہینے کے لئے لگتی تھی۔

4دوسرا ماہ: دودی اخوحی۔ اُس کے گروہ کے اعلیٰ افسر کا نام مِقلوت تھا۔

5تیسرا ماہ: یہویدع امام کا بیٹا بِنایاہ۔ 6یہ داؤد کے بہترین دستے بنام ’تیس‘ پر مقرر تھا اور خود زبردست فوجی تھا۔ اُس کے گروہ کا اعلیٰ افسر اُس کا بیٹا عمی زبد تھا۔

7چوتھا ماہ: یوآب کا بھائی عساہیل۔ اُس کی موت کے بعد عساہیل کا بیٹا زبدیاہ اُس کی جگہ مقرر ہوا۔

8پانچواں ماہ: سمہوت اِزراخی۔

9چھٹا ماہ: عیرا بن عقیس تقوعی۔

10ساتواں ماہ: خلِص فلونی افرائیمی۔

11آٹھواں ماہ: زارح کے خاندان کا سِبکی حوساتی۔

12نواں ماہ: بن یمین کے قبیلے کا ابی عزر عنتوتی۔

13دسواں ماہ: زارح کے خاندان کا مَہری نطوفاتی۔

14گیارھواں ماہ: افرائیم کے قبیلے کا بِنایاہ فِرعاتونی۔

15بارھواں ماہ: غُتنی ایل کے خاندان کا خلدی نطوفاتی۔

قبیلوں کے سرپرست

16ذیل کے آدمی اسرائیلی قبیلوں کے سرپرست تھے:

روبن کا قبیلہ: اِلی عزر بن زِکری۔

شمعون کا قبیلہ: سفطیاہ بن معکہ۔

17لاوی کا قبیلہ: حسبیاہ بن قموایل۔ ہارون کے خاندان کا سرپرست صدوق تھا۔

18یہوداہ کا قبیلہ: داؤد کا بھائی اِلیہو۔

اِشکار کا قبیلہ: عُمری بن میکائیل۔

19زبولون کا قبیلہ: اِسماعیاہ بن عبدیاہ۔

نفتالی کا قبیلہ: یریموت بن عزری ایل۔

20افرائیم کا قبیلہ: ہوسیع بن عززیاہ۔

مغربی منسّی کا قبیلہ: یوایل بن فِدایاہ۔

21مشرقی منسّی کا قبیلہ جو جِلعاد میں تھا: یِدّو بن زکریاہ۔

بن یمین کا قبیلہ: یعسی ایل بن ابنیر۔

22دان کا قبیلہ: عزرایل بن یروحام۔

یہ بارہ لوگ اسرائیلی قبیلوں کے سربراہ تھے۔

23جتنے اسرائیلی مردوں کی عمر 20 سال یا اِس سے کم تھی اُنہیں داؤد نے شمار نہیں کیا، کیونکہ رب نے اُس سے وعدہ کیا تھا کہ مَیں اسرائیلیوں کو آسمان پر کے ستاروں جیسا بےشمار بنا دوں گا۔ 24نیز، یوآب بن ضرویاہ نے مردم شماری کو شروع تو کیا لیکن اُسے اختتام تک نہیں پہنچایا تھا، کیونکہ اللہ کا غضب مردم شماری کے باعث اسرائیل پر نازل ہوا تھا۔ نتیجے میں داؤد بادشاہ کی تاریخی کتاب میں اسرائیلیوں کی کُل تعداد کبھی نہیں درج ہوئی۔

شاہی ملکیت کے انچارج

25عزماوت بن عدی ایل یروشلم کے شاہی گوداموں کا انچارج تھا۔

جو گودام دیہی علاقے، باقی شہروں، گاؤں اور قلعوں میں تھے اُن کو یونتن بن عُزیّاہ سنبھالتا تھا۔

26عزری بن کلوب شاہی زمینوں کی کاشت کاری کرنے والوں پر مقرر تھا۔

27سِمعی راماتی انگور کے باغوں کی نگرانی کرتا جبکہ زبدی شِفمی اِن باغوں کی مَے کے گوداموں کا انچارج تھا۔

28بعل حنان جدیری زیتون اور انجیرتوت کے اُن باغوں پر مقرر تھا جو مغرب کے نشیبی پہاڑی علاقے میں تھے۔ یوآس زیتون کے تیل کے گوداموں کی نگرانی کرتا تھا۔

29شارون کے میدان میں چرنے والے گائےبَیل سطری شارونی کے زیرِ نگرانی تھے جبکہ سافط بن عدلی وادیوں میں چرنے والے گائےبَیلوں کو سنبھالتا تھا۔ 30اوبل اسمٰعیلی اونٹوں پر مقرر تھا، یحدیاہ مرونوتی گدھیوں پر 31اور یازیز ہاجری بھیڑبکریوں پر۔

یہ سب شاہی ملکیت کے نگران تھے۔

بادشاہ کے قریبی مشیر

32داؤد کا سمجھ دار اور عالِم چچا یونتن بادشاہ کا مشیر تھا۔ یحی ایل بن حکمونی بادشاہ کے بیٹوں کی تربیت کے لئے ذمہ دار تھا۔ 33اخی تُفل داؤد کا مشیر جبکہ حوسی ارکی داؤد کا دوست تھا۔ 34اخی تُفل کے بعد یہویدع بن بِنایاہ اور ابیاتر بادشاہ کے مشیر بن گئے۔ یوآب شاہی فوج کا کمانڈر تھا۔